نئی دہلی، 10 اگست ( یواین آئی ) وزیر اعظم نریندر مودی 15 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر ساتویں مرتبہ لال قلعہ کی فصیل پر ترنگا لہرائیں گے اور قوم سے خطاب کریں گے ، جس کے ساتھ ہی وہ ایسا کرنے والے پہلے غیر کانگریسی وزیر اعظم ہوں گے ۔
مسٹر مودی نے پہلی مرتبہ سنہ 2014 میں لال قلعہ پر قومی پرچم لہرایا تھا اور گذشتہ برس اپنی حکومت کے دوسرے دور میں چھٹویں مرتبہ ترنگا لہرا کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے پہلے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی برابری کر لی تھی ، اس مرتبہ وہ مسٹر واجپئی سے ایک قدم آگے بڑھ کر ساتویں مرتبہ ترنگا لہرائیں گے۔
بی جے پی کی زیرقیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے سربراہ رہے اٹل بہاری واجپئی نے 19 مارچ 1998 سے 22 مئی 2004 کے درمیان چھ بار ترنگا لہرایا تھا ۔ اگرچہ مسٹر واجپئی 1996 میں پہلی بار وزیر اعظم بنے تھے ، لیکن ان کی حکومت زیادہ دن نہیں چل پائی تھی اور قومی پرچم لہرانے کا موقع نہیں مل سکا تھا ۔
ملک میں ایمرجنسی کے تعلق سے عام لوگوں میں ناراضگی کی لہر نے 1977 کے عام انتخابات میں اس وقت کی کانگریس حکومت کو اقتدار سے باہر کردیا اور مرکز میں جنتا پارٹی کی حکومت بنی ۔ آزادی کے بعد یہ پہلی غیر کانگریس حکومت تھی۔ مسٹر مورارجی دیسائی اس حکومت کے سربراہ بنے ۔ انہوں نے دو بار 1977 اور 1978 میں لال قلعہ کی فصیل پر ترنگا لہرایا تھا ۔
اس کے بعد 28 جولائی 1979 کو چودھری چرن سنگھ سماج وادی پارٹیوں اور کانگریس (یو) کی حمایت سے وزیر اعظم بنے اور اسی سال پہلی اور آخری بار ترنگا لہرایا ۔ مسڑ چرن سنگھ کے علاوہ وشوناتھ پرتاپ سنگھ ، ایچ ڈی دیو دیو گوڈا اور اندرا کمار گجرال بھی غیر کانگریسی وزیر اعظم تھے جن کو ایک ایک بار ترنگا لہرانے کا اعزاز حاصل ہوا ۔