نئی دہلی: سپریم کورٹ کے تئیں مبینہ طور پر توہین عدالت کے دو ٹوئٹ کرنے کے معاملے میں سینئر وکیل پرشانت بھوشن کو قصور وارقرار دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ اب 20 اگست کو سزا پر فیصلہ سنائے گی۔
واضح رہے کہ پرشانت بھوشن نے چیف جسٹس بوبڈے اور سپریم کورٹ کے 4 سابق چیف جسٹس کو لے کر قابل توہین تبصرہ کیا تھا، جس پر عدالت نے از خود نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی تھی۔
اس سے قبل سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے اپنے ٹوئٹ کو لے کر بچاو کیا تھا، جس میں مبینہ طور پر عدالت کی توہین کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ ٹوئٹ ججوں کے خلاف ان کے ذاتی طور پر اخلاق کو لے کر تھے اور وہ عدالتی امور میں رکاوٹ نہیں بنتے تھے۔ عدالت نے اس معاملے میں پرشانت بھوشن کو 22 جولائی کو وجہ بتاو نوٹس جاری کیا تھا۔
بینچ نے سماعت مکمل کرتے ہوئے 22 جولائی کے حکم کو واپس لینے کے لئے الگ سے دائر درخواست مسترد کردی تھی۔ اسی حکم کے تحت عدلیہ کی مبینہ طور پر توہین کرنے والے دو ٹوئٹ پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا گیا تھا۔