نئی دہلی ، 15 اگست (یواین آئی) ملک میں کورونا وبا کی شدت میں اضافہ کے درمیان اس جان لیوا وائرس سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار سے زیادہ متاثرین صحتمند ہوئے ، جبکہ اس عرصے کے دوران 65 ہزار سے زیادہ نئے افراد اس جان لیوا وبا کی زد میں آچکے ہیں۔
صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57،381 افراد وبا سے شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعداد 18،08،937 ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران 65،002 افراد مہلک وبا کا شکار ہوچکے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 25،26،193 ہوگئی ہے۔ اسی مدت میں 996 افراد کی ہلاکت سے اموات کی مجموعی تعداد 49،036 ہوگئی۔ ملک میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 6625 سے بڑھ کر 6،68،220 ہوگئی ہے۔
ملک میں اس وقت فعال کیسز26.45 فیصد، شفایاب ہونے ہونے والوں کی شرح 71.61 فیصد اوراموات کی شرح 1.94 فیصد ہے۔
ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں ایکٹیو کیسز کی تعداد 1760سے بڑھ کر1،51،865 ہوگئی اور 364 افراد کی ہلاکت کے ساتھ اموات کی مجموعی تعداد 19،427 ہوگئی۔ اسی مدت کے دوران 10484 افراد جان لیوا وبا سے شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعداد 4،01،442 ہوگئی۔ ملک میں سب سے زیادہ ایکٹیو کیسز اسی ریاست میں ہیں۔