ٹیم انڈیا کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ہے ۔ انہوں نے فوجی انداز میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرکے اس کا اعلان کیا ۔ دھونی نے اپنے پورے سفر کا ایک ویڈیو شیئر کیا اور کہا کہ شام سات بج کر منٹ سے انہیں ریٹائر مانا جائے ۔ دھونی جمعہ کو ہی آئی پی ایل کیلئے چنئی پہنچے تھے اور ہفتہ کو وہ جم میں بھی نظر آئے تھے ۔
گزشتہ سال انگلینڈ میں ہوئے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سیمی فائنل میں ملی شکست کے بعد سے ہی دھونی کرکٹ سے دور تھے ۔ انہوں نے اس دوران گھریلو میچ بھی نہیں کھیلا تھا اور فوج کے ساتھ ٹریننگ کرنے کیلئے چلے گئے ۔ حالانکہ مانا جارہا تھا کہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں نظر آئیں گے ، مگر کورونا وائرس کی وجہ سے آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کو ملتوی کردیا گیا ، جس کے بعد ان کے مستقبل کو لے کر قیاس آرائی ہونے لگی تھی ۔
دھونی نے انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہا ہے ، مگر وہ آئی پی ایل کھیلتے رہیں گے ۔ کچھ دن پہلے ہی چنئی سپر کنگس کے سی ای او نے کہا تھا کہ دھونی آئی پی ایل 2020 اور 2021 کھیلتے رہیں گے اور جہاں تک ہوگا 2022 میں بھی نظر آئیں گے ۔
دھونی کا کریئر
ایم ایس دھونی نے 2004 میں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے میچ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا تھا ۔ دھونی نے ہندوستان کی طرف سے 90 ٹیسٹ ، 350 ون ڈے اور 98 ٹی 20 میچ کھیلے ۔ 350 ون ڈے میچوں میں انہوں نے 10 ہزار 773 رن بنائے ، جس میں ان کا سب بڑا ذاتی اسکور ناٹ آوٹ 183 ہے ۔ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 10 سنچریاں اور 73 نصف سنچریاں بنائیں جبکہ 98 ٹی 20 میچوں میں انہوں نے 1617 رن بنائے ، جس میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ دھونی نے آخری انٹرنیشنل میچ گزشتہ سال نو اور دس جولائی کو نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل میں کھیلا تھا ۔