انا للہ وانا الیہ راجعون: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے مجاہد عالم دین اور اسلام و شیعیت کی زبان گویا حجت الاسلام والمسلمین محمد علی تسخیری کی رحلت پر تعزیت پیش کی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے منگل کو اپنے تعزیتی پیغام میں حجت الاسلام والمسلمین تسخیری کے انتقال پر ان کے خاندان، پسماندگان اور چاہنے والوں کو تعزیت پیش کی۔
آپ نے فرمایا ہے کہ سچ تو یہ ہے کہ عالم اسلام کے حلقوں میں اس مرد آہنی کی انتھک کوششوں سے انجام پانے والے مختلف قسم کے نمایاں کارنامے روشن اور درخشاں ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے حجت الاسلام تسخیری کی مغفرت و رحمت کی دعا کرتے ہوئے فرمایا کہ حالیہ چند برسوں میں جسمانی کمزوریوں کے باوجود آپ مضبوط و مستحکم عزم و ارادے کے حامل رہے اور جہاں بھی آپ کی موجودگی ضروری و مفید ہوتی تھی وہاں حاضر رہتے تھے۔
عالم اسلام کے امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اور تقریب مذاہب اسلامی کے عالمی فورم کی اعلی کونسل کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین محمد علی تسخیری، منگل کو چھیتر سال کی عمر میں تہران کے ایک اسپتال عارضہ قلبی کے سبب انتقال کر گئے۔
آپ عالم اسلام کی ایک معروف علمی و ثقافتی شخصیت تھے۔ حجت الاسلام تسخیری پوری عمر شیعیت کی صحیح تصویر پیش کرنے اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یگانگت پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہے اور اس سلسلے میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔
حجت الاسلام محمد علی تسخیری نے مختلف موضوعات دسیوں کتابیں اور سیکڑوں مقالات عالم اسلام کے لئے چھوڑے ہیں۔