نئی دہلی۔ قومی دارالحکومت دہلی کے دھولا کنواں علاقے میں گزشتہ رات ہوئے تصادم میں ایک مشتبہ دہشت گرد پکڑا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، اس مشتبہ کا نام ابو یوسف ہے اور اس کا تعلق دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ سے ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے بیتی رات دھولا کنواں سے قرول باغ کو جوڑنے والے رج روڈ کے پاس تصادم کے بعد اس دہشت گرد کو گرفتار کیا۔ اس کے پاس سے دو آئی ای ڈی اور ایک پستول برآمد ہوا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کو اطلاع ملی تھی کہ دھولا کنواں کے پاس ایک دہشت گرد راجدھانی میں دہشت پھیلانے کے ارادے سے گھوم رہا ہے۔ اطلاع کی بنیاد پر پولیس کی ٹیم نے دھولا کنواں کے پاس مشتبہ کو پکڑنے کی کوشش کی تو اس نے فائرنگ شروع کر دی۔ دونوں طرف سے چلی فائرنگ کے بعد دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسپیشل سیل کے ڈی سی پی پرمود کشواہ کے مطابق پکڑا گیا مشتبہ دہشت گرد اسلامک اسٹیٹ سے وابستہ ہے اور اس کا نام ابو یوسف ہے۔ دہشت گرد کے پاس سے دو آئی ای ڈی اور اہک پستول برآمد ہوئی ہے۔
ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق، دہشت گرد دہلی میں بڑا دہشت گردانہ حملہ کرنے کی فراق میں تھا اور کئی جگہوں کی ریکی بھی کر چکا تھا۔ دہلی پولیس نے دہشت گرد سے پوچھ گچھ کے بعد کئی جگہوں پر چھاپہ ماری کرنا شروع کر دیا ہے۔
بتا دیں کہ دہلی میں پکڑا گیا آئی ایس آئی ایس دہشت گرد خراسان ماڈیول سے جڑا ہو سکتا ہے۔ تیرہ جولائی کو این آئی اے نے پنے سے آئی ایس آئی ایس خاتون دہشت گرد سعدیہ اور اس کے دوست کو گرفتار کیا تھا۔ سعدیہ نے انکشاف کیا تھا کہ آئی ایس آئی ایس ہندستان میں ایک بڑے دہشت گردانہ حملے کی تیاری میں ہے جس میں دہلی اور ممبئی شامل ہیں۔