نئی دہلی ، 22 اگست (یواین آئی ) کورونا وائرس کووڈ 19 کےانفیکشن کا پتہ لگانے کے لئے ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 10،23،836 نمونوں کی جانچ کی گئی ۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق21 اگست کو ملک بھر میں 10،23،836 نمونوں کی جانچ کی گئی اور اس کے ساتھ اب تک جانچ کئے گئے نمونوں کی تعداد بڑھ کر 3،44،91،073 ہوگئی ہے۔ دریں اثنا ملک میں کورونا ٹیسٹنگ لیبز کی تعداد بڑھ کر 1،511 ہوگئی ہے۔
مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے آج جاری اعداد و شمار کے مطابق یکم اگست سے 07 اگست کے درمیان یومیہ اوسطاََ 5،65،060 کورونا ٹیسٹ کروائے جارہے تھے ، جو 8 اگست سے 14 اگست تک کے درمیاں بڑھ کریومیہ اوسطاََ 7،00،860 ٹیسٹ اور 15 سے 21 اگست کے درمیاں یومیہ اوسطاََ 8،24،689 ٹیسٹ ہو گئے ہیں ۔ جمعہ 21 اگست کو پہلی بار کورونا ٹیسٹ کی تعداد 10،23،836 سے تجاوز کر گئی ۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے 69،878 نئے کیسز سامنے آنے سے اب تک متاثرین کی تعداد بڑھ کر 29،75،701 ہوگئی ہے ،تاہم 21 اگست کو 63،631 مریضوں کے صحت یاب ہونے اور 945 مریضوں کی موت ہونے سے ایکٹو کیسز میں 5،302 کا اضافہ ہوا ہے۔ ملک بھر میں اس وقت کورونا کے 6،97،330 ایکٹو کیسز ہیں۔