بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی النور مسجد اور لنووڈ اسلامک سینٹر میں فائرنگ کرکے 51 نمازیوں کو شہید کرنے والے دہشتگرد برینڈن ٹیرنٹ کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق 29 سالہ آسٹریلوی شہری برینڈن ٹیرنٹ نے پہلے صحت جرم سے انکار کیا تاہم بعد میں جرم قبول کرلیا جب کہ نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلی بار کسی ملزم کو بغیر پیرول کے عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا ایڈرن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گرد برینڈن ٹیرنٹ عمر قید کی سزا کا ہی مستحق تھا۔
واضح رہے کہ برینڈن ٹیرنٹ نے 15 مارچ 2019 کو کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں فائرنگ کرکے 51 افراد کو شہید اور 40 کو زخمی کر دیا تھا۔