نئی دہلی،یکم ستمبر ( یواین آئی) صدر رام ناتھ کووند ، نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے سابق صدر آنجہانی پرنب مکھرجی کو خراج تحسین پیش کیا وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ، چیف آف ڈیفنس اور تینوں افواج کے سربراہ دس راجاجی مارگ پر سابق صدر کی رہائش گاہ پہنچے اور بھارت رتن سے سرفراز مسٹر مکھرجی کی تصویر پر گل پوشی کی ۔
اس کے بعد لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے آنجہانی قائد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بعدازاں ، وزیر اعظم مسٹر مودی ، نائب صدر شری نائیڈو اور صدر شری کوونڈ نے بھی پھولوں سے خراج عقیدت پیش کیا۔
سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ ، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سرسنگھ چالک موہن بھاگوت ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جگت پرکاش نڈا ، کانگریس قائدین راہل گاندھی اور غلام نبی آزاد ، دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال ، بی جے پی رہنما اور سابق مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا نے بھی 10 راجا جی مارگ پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا۔
چونکہ مسٹر مکھرجی کووڈ 19 سے متاثر تھے ، لہذا ان کے جسد خاکی کو علیحدہ رکھا گیا اور تمام مشہور شخصیات نے ان کی تصویر پر پھول چڑھائے۔ اس موقع پر کووڈ 19 سے متعلق جسمانی فاصلہ اور دیگراحتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔
خیال رہے مسٹر مکھرجی 21 روز تک فوجی اسپتال میں رہنے کے بعد پیر کی شام انتقال کر گئے تھے۔ ان کے جس خاکی کو رہائش گاہ پرلایا گیا۔ ان کی آخری رسومات آج سہ پہر بعد لودی روڈ پر واقع شمشان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادادکی جائے گی۔
سابق صدر پرنب مکھرجی کے انتقال پر ملک میں سات روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔