لکھنؤ(نامہ نگار)گومتی نگر واقع شہید پتھ پر آج ایک ۱۲بور کی بندوق اور پانچ کارتوس سڑک پر لاوارث حالت میں پڑے ملے۔ موقع پر پہنچی پولیس نے بندوق اور کارتوس کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ بندوق کہیں سے چوری کی گئی ہے۔ایس پی گومتی پار حبیب الحسن نے بتایا کہ دوشنبہ کی صبح ۷بجے شہید پتھ واقع جیون پلازا کے نزدیک لوگوں نے سڑک پر ایک ۱۲بور کی بندوق پڑی دیکھی۔
لوگوں نے اس بات کی اطلاع فوراً پولیس کنٹرول روم کو دی۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر گومتی نگر پولیس بھی پہنچ گئی۔موقع پر پہنچی پولیس کو سڑک پر لاوارث حالت میں بندوق اور ۵کارتوس پڑے ملے۔ تفتیش کے بعد پولیس نے بندوق و کارتوس کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ ایس ایس آئی گومتی نگر نے بتایا کہ بندوق کے سیریل نمبر سے اس بات کا پتہ لگایا جا رہا ہے کہ بندوق کس کے نام ہے پولیس کو اس بات کا شبہ ہے کہ بندوق چوری کی ہے اور چور اس کو سڑک پر پھینک کر فرار ہو گئے۔ لاوارث بندوق اور کارتوس ملنے کی اطلاع گومتی نگر پولیس نے سبھی تھانوںکو بھی دے دی ہے۔