واشنگٹن / ریو ڈی جنیرو / نئی دہلی، 3 ستمبر (یو این آئی) دنیا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 2.59 کروڑ سے زیادہ ہوگئی ہے اور اس وبا کی وجہ سے 8.61 لاکھ سے زیادہ افراد دنیا کو الوداع کہہ چکے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا نے دنیا بھر میں 25937029 افراد کو متاثر جبکہ 861668 افراد کو ہلاک کیا ہے۔
دنیا میں سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد61 لاکے سے تجاوز کرکے 6113182 تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 185707 اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
دنیا میں کورونا سے متاثرہ ممالک میں دوسرے نمبر پر برازیل میں اب تک 3997865 افراد اس کی زد میں آچکے ہیں جبکہ 123780 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 3853406 ہوگئی ہے جبکہ اس وبا سے یہاں تعداد اموات 67376 ہے۔
روس میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر کے 1001965 ہوچکی ہے اور 17365 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ پیرو میں کورونا وبا پھیلاؤ بدستور جاری ہے اور یہ کورونا سے متاثر ہونے کے معاملے میں دنیا میں پانچواں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ یہاں اب تک 657129 افراد اس وائرس سے متاثر اور 29068 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ میں کورونا متاثرین کی تعداد 630595 تک جا پہنچی ہے اور اس وائرس سے اموات کی تعداد 14389 ہوگئی ہے۔