کیٹو: ایکواڈور میں 110 سالہ شوہر جولیو مورا اور ان کی اہلیہ 104 سالہ والڈرمینا کیوٹیروز کی شادی کو 79 سال ہوچکے ہیں اور اس جوڑے کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے دنیا کا معمر ترین جوڑا تسلیم کیا ہے۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق 79 سال تک ازدواجی رفاقت اس سے قبل بھی دیکھی گئی ہے لیکن جوڑے کی مجموعی عمر 214 برس ہونا غیر معمولی ہے۔ دونوں کی صحت بھی قابل رشک ہے اس لیے انہیں دنیا کا معمر ترین جوڑا قرار دیا گیا ہے۔
فروری 1941 میں جولیو مورا جن کی عمر اس وقت 31 سال تھی اپنے خاندان کی مرضی کے خلاف والڈرمینا کیوٹیروز سے شادی کی تھی جو اُس وقت 25 سال کی تھیں۔ اس جوڑے کے 4 بچے اب بھی زندہ ہیں، ان کے بچوں کے 11 بچے ہیں اور پھر ان 11 کے 21 بچے ہیں اور سب اکٹھے رہتے ہیں۔
رواں برس مارچ سے کورونا وبا کی وجہ سے معمر جوڑے کو بچوں سے علیحدہ رکھا گیا ہے۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے جوڑے کو رواں ماہ معمر ترین جوڑے کا سرٹیفیکٹ دیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز ایک امریکی جوڑے کو حاصل تھا جن کی مجموعی عمر 212 سال بنتی تھی۔