ایک معروف ہندوستانی پبلشر نے دہلی فسادات پر لکھی گئی ایک کتاب کی اشاعت روکنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کتاب میں دہلی فسادات میں درجنوں افراد کی ہلاکت اور تشدد کا الزام مسلم طلبہ اور سیکولر کارکنوں پر عائد کیا گیا تھا۔

گزشتہ ہفتے اشاعتی ادارے بلومزبری انڈیا نے اعلان کیا تھا کہ وہ ‘دہلی فسادات 2020‘ نامی کتاب شائع نہیں کرے گا۔ رواں برس کے آغاز پر ہونے والے ان فسادات میں درجنوں افراد مارے گئے تھے اور بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچا تھا۔ اس کتاب میں تاہم ان فسادات کا الزام مسلم طلبہ اور سیکولرازم کے حامی کارکنوں پر عائد کیا گیا ہے۔









