بالی ووڈ کی اسٹار اداکارہ کنگنا رناوت نے ریاست مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے گھر کی طرح تمہاری انا بھی ٹوٹے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کنگنا رناوت نے کئی ویڈیوز شیئر کی ہیں، جن میں سے ایک مہاشٹرا کے سابق وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر دیوندر فردنویس کا بھی ہے، جس میں وہ کنگنا رناوت کا گھر توڑے جانے کو یکطرفہ کارروائی قرار دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا کی حکومت کی حالیہ کارروائی سے ریاست کا مزاق پورے ملک میں اڑایا جارہا ہے۔
گھر توڑے جانے کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں کنگنا رناوت نےمہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ اُدھو ٹھاکرے تجھے کیا لگتا ہے؟ تم نے فلم مافیا کے ساتھ مل کر میرا گھر توڑ کر مجھ سے بہت بڑا بدلا لیا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ آج میرا گھر ٹوٹا ہے کل تیرا گھمنڈ ٹوٹے گا، یہ وقت کا پہیہ ہے اور وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا۔
کنگنا رناوت نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میرا گھر توڑ کر تم نے مجھ پر بڑا احسان کیا ہے، مجھے پتا تھا کشمیری پنڈتوں پر کیا بیتی ہوگی، آج میں نے وہ محسوس کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج میں وعدہ کرتی ہوں کہ میں صرف ایودھیا پر ہی نہیں کشمیر پر بھی ایک فلم بناؤں گی، ملک کے لوگوں کو آگاہی فراہم کروں گی، مجھے معلوم تھا میرے ساتھ ایسا تو ہوگا۔
بالی ووڈ کی اسٹار اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ جو کچھ میرے ساتھ ہوا ہے، اس کا کوئی مطلب اور مقصد ہے، اُدھو ٹھاکرے یہ جو دہشت اور نفرت ہے، یہ اچھا ہے۔
کنگنا رناوت نے اپنے ٹوئٹر پر اپنے گھر کو توڑے جانے کی ویڈیوز’ڈیتھ آف ڈیموکریسی‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ شیئر کی ہیں۔