نئی دہلی : ملک میں بدھ کو دیر رات تک کوروناوائرس (کووڈ۔19) انفیکشن کے 60 ہزار سے زیادہ نئے معاملے سامنے آنے سے متاثروں کی تعداد 44.27 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے لیکن راحت کی بات یہ ہے کہ کورونا مریضوں کے صحتیاب ہونے کی شرح 77 فیصد سے زیادہ ہوگئی ہے۔
مختلف ریاستوں سے موصول رپورٹ کے مطابق آج 60,169 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد متاثروں کی تعداد بڑھ کر 44,27,605 ہوگئی ہے۔ اس دوران صحتیاب لوگوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔ ملک میں 50,303 کورونا مریضوں کے صحتیاب ہونے سے انفیکشن سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 34,46,330 ہوگئی ہے۔ اسی مدت میں 639 کورونا مریضوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 74,562 ہوگئی ہے۔
انفیکشن کے معاملے میں اب ہندوستان کورونا وائرس سے سب سے سنگین طور سے متاثر امریکہ کے بعد دوسرے مقام پر ہوگیا ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 63.64 لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے اوراب تک 1,89,972 لوگوں کی اس سے موت ہوچکی ہے۔
کورونا وائرس سے متاثر ممالک میں اب تیسرے مقام پر برقرار برازیل میں اب تک 41.62 لاکھ لوگ اس وائرس کی زد میں آچکے ہیں جبکہ 1.27 لاکھ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ اموات کے معاملے میں برازیل اب بھی دوسرے مقام پر ہے۔
مہاراشٹر، آندھرا پردیش اور کرناٹک سمیت مختلف ریاستوں سے موصول اطلاعات کے مطابق فکرمندی کی بات یہ ہے کہ صحتیاب ہونے والے مریضوں کے مقابلے میں نئے متاثروں کے اضافے ہونے کی وجہ سے سرگرم معاملوں میں اضافہ درج کیا گیا۔ آج 8,717 مریضوں کے اضافے ہونے سے سرگرم معاملوں کی تعداد نو لاکھ سے زیادہ 9,06,111 ہوگئی ہے۔
ملک میں سرگرم معاملے 20.46 فیصد اور صحتیاب ہونے والوں کی شرح 77.83 فیصد ہے جبکہ اموات کی شرح 1.68 فیصد ہے۔ صحتیاب ہونے والے مریضوں کی شرح گزشتہ روز کے 77.79 فیصد سے بڑھ کر آج 77.83 فیصد ہوگئی ہے۔