لکھنئو۔ اترپردیش کے سیتاپور جیل میں بند سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ اعظم خان کی مشکلیں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ اب ای ڈی اعظم خان پر بڑی کارروائی کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ایک ٹیم ایس پی رکن پارلیمنٹ اعظم خان سے سیتاپور جیل میں جلد پوچھ گچھ کرنے پہنچے گی۔ ذرائع کے مطابق، جوہر یونیورسیٹی سے جڑی زمین کو ای ڈی ضبط کر سکتی ہے۔
ای ڈی نے اس یونیورسیٹی سے جڑے دستاویزات کو ضلع انتظامیہ اور ہائر ایجوکیشن اتھارٹی سے طلب کیا ہے۔ پوچھا گیا ہے کہ کیسے یہ زمین اعظم خان کو یونیورسیٹی کے لئے دی گئی، کیونکہ یہ زمین انیمی پراپرٹی ایکٹ کے تحت آتی ہے۔ اس سے پہلے اعظم خان پر ای ڈی نے ایک معاملہ اور درج کیا تھا۔ اس سے پہلے ای ڈی نے جوہر یونیورسیٹی سے منسلک تمام فنڈز اور لین دین کی تفصیل جٹائی ہے۔
ادھر، یوگی حکومت کچھ ایسا کرنے جا رہی ہے جس سے اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم اگلے 6 سالوں تک الیکشن ہی نہیں لڑ پائیں گے۔ عبداللہ اعظم کو 72 مہینوں تک الیکشن لڑنے پر روک لگانے کا منصوبہ ہے۔ اس بات کا انکشاف انتظامیہ کے ذرائع نے نیوز 18 پر کیا ہے۔ اطلاع کے مطابق، پچھلے سال دسمبر میں سوار سیٹ سے الیکشن جیتنے والے عبداللہ اعظم کے انتخاب کو الہ آباد ہائی کورٹ نے منسوخ کر دیا تھا تبھی سے اس کی تیاری کی جا رہی تھی۔
آپ کو بتا دیں کہ یوپی میں یوگی حکومت آنے کے بعد سے ایس پی رکن پارلیمنٹ اعظم خان کی مشکلیں بڑھی ہیں۔ اعظم، ان کی اہلیہ اور ان کے بیٹے کے خلاف کل 83 مقدمات درج ہیں۔ کچھ میں گرفتاری سے انہیں اسٹے مل گیا ہے۔ وہیں، کچھ معاملوں میں ضمانت مل گئی ہے۔ فی الحال اعظم خان کسانوں کی زمین ہتھیانے سمیت کئی معاملوں میں ملزم ہیں۔