اسلام آباد، 12 ستمبر(یواین آئی) پاکستان کے کراچی شہر میں ہفتہ کو ایک تین منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم چار افراد کی موت ہوگئی اور سات دیگرجھلس گئے۔
کراچی کی غیر سرکای تنظیم سیانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ریسکیو کارکن سلمان قریشی نے بتایا کہ گھنی آبادی والے علاقہ میں واقع عمارت کی پہلی منزل میں شاٹ سرکٹ ہونے سے یہ آگ لگی۔انہوں نے کہا کہ آگ صبح سویرے لگی لیکن ریسکیومہم میں تھوڑی تاخیر ہوئی کیونکہ بھیڑ والی سڑکوں کے سبب فائر کارکنان کو اپنے انجن اور مشینری کو متاثرہ علاقوں میں تیزی سے لے جانے میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ سے متاثر عمارت میں چار کنبہ کے ممبران رہ رہے تھے۔واقعہ کے سبھی مہلوکین ایک خاندان کے تھے جو پہلی منزل پر رہائش پذیر تھے۔پہلی منزل سب سے سنگین طور سے متاثر ہوئی ہے۔