امریکہ میں ایک نائٹ کلب میں فائرنگ کے واقعے میں کم سے کم دو افراد ہلاک اور چودہ دیگر زخمی ہو گئے۔ اے بی سی نیوز نے امریکا کے محکمہ پولیس کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ریاست نیویارک کے روچسٹر شہر میں فائرنگ کا یہ واقعہ ایک پارٹی کے دوران پیش آیا۔
امریکی حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پینسلوینیا ایونیو میں رات ساڑھے بارہ بجے رونما ہوا۔ روچسٹر کے پولیس چیف مارک سیمنس نے پریس کانفرنس کے دوران اس واقعے کو بہت بڑا المیہ قرار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ میں اٹھارہ سال کا ایک لڑکا اور بائیس سال کی ایک لڑکی ماری گئی جبکہ زخمی ہونے والے چودہ افراد کو دو مقامی ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔
پولیس نے متاثرہ افراد کے نام جاری نہیں کیے اور نہ ہی کسی ملزم کی شناخت ظاہر کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گواہوں سے باز پرس کی جا رہی تاکہ فائرنگ کے بارے میں مزید تفصیلات کا پتہ لگانے کے ساتھ ساتھ ملزم کا تعین کیا جا سکے ۔