بھارت میں بڑھتے کرونا وائرس کے کیسز کے باوجود بھارتی سرکار نے تاج محل کھولنے کا حکم دے دیا۔ تاج محل کو آج پیر 21 ستمبر سے عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔
اے ایف پی کے مطابق بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ تاج محل کھولنے کے بعد روزانہ صرف 5 ہزار سیاحوں کو تاج محل دیکھنے کی اجازت ہوگی اور اُنہیں سماجی دوری اور ہینڈ سینیٹائز کرنا ہوں گے۔
دنیا کے 7 عجائبات میں شامل آگرہ کا سفید سنگ مر مر سے بنا تاج محل بھارت کا سب سے مشہور سیاحتی مقام ہے، جہاں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افراد اس مقام کا رخ کرتے ہیں۔ کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث تاج محل کو رواں سال مارچ میں عوام کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
تاج محل دوبارہ کھولنے کے اعلان کے بعد انتطامیہ کی جانب سے سخت ایس او پیز کا اعلان کیا گیا ہے۔ سیاحتی مقام پر آنے والوں کو ماربل سے بنی تاج محل کی دیواروں کو ہرگز چھونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تاج محل کے احاطے میں رکھی تاریخی بینچ کو روز دن میں کئی مرتبہ سینیٹائزر سے صاف کیا جائے گا۔ یہ تاریخی اہمیت کی حامل بینچ تاج محل کے باہر عین وسط میں بنی ہے، جس کے عقب میں طلسم گدہ تاج محل کی عمارت پورے آب و تاب کے ساتھ تصویر میں سماں جاتی ہے۔ اس بینچ پر بیٹھ کر لوگ اپنے تصاویر بنواتے ہیں۔ یہ وہ ہی تاریخی بینچ ہے جس پر سال 1992 میں آنجہانی لیڈی ڈئینا نے اپنی تصویر بنوائی تھی۔
پیر 21 ستمبر کو تاج محل کھلنے کے بعد ابتدائی اوقات میں چند سو افراد نے اس تاریخی ورثے کی دید کیلئے یہاں کا رخ کیا۔ جہاں سیکیورٹی پر مامور اہل کار مسلسل لوگوں کو فیس ماسک پہن کر رکھنے کی ہدایت کرتے نظر آئے۔
دنیا بھر میں امریکا کے بعد کرونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 92 ہزار 605 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو کرونا وائرس کے باعث مزید ایک ہزار 133 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اس وبا کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 86 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارتی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اس وبا سے اب تک بھارت میں 54 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق بھارت میں اس وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد لگ بھگ 80 فی صد ہے۔
بھارتی حکومت کی جانب سے ٹرین کے سفر، اندرون ملک پروازوں ، مارکیٹوں اور ریسٹورنٹس کیلئے بھی نرمی کا اعلان کیا گیا ہے۔