لیگ اسپنر یجویندر چہل (18 رن پر تین وکٹ) اور تیز گیندبازوں نودیپ سینی (25 رن پر دو وکٹ) اور شیوم دوبے (15 رن پر دو وکٹ) کی بہترین گیندبازی سے رائل چیلنجرس بنگلور نے سن رائزرس حیدرآباد کو پیر کو 10 رن سے شکست دے کر آئی پی ایل۔13 میں فاتحانہ آغاز کیا۔
بنگلور نے نوجوان اوپنر دیودت پیڈیکل (56) اور مسٹر 360 ڈگری کے نام سے مشہور اے بی ڈیویلیئرس (51) کی دھماکہ خیز نصف سنچری سے 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 163 رن کا چیلنج بھرا اسکور بنایا اور حیدرآباد کے مڈل آرڈ کی کمزوری کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے حریف ٹیم کو 19.4 اوور میں 153 رن پر ڈھیر کر دیا۔ گذشتہ تین سیشن میں شکست سے شروعات کرنے والی بنگلور ٹیم نے اس بار پہلے ہی میچ میں فاتحانہ آغاز کیا۔ حیدرآباد نے 32 رن جوڑ کر اپنے آخری وکٹ گنوا دیے اور اسے شکست سے دو چار ہونا پڑا۔
ہدف کے تعاقب میں اتری حیدر آباد کی ٹیم کی شروعات بہت اچھی نہیں رہی اور ڈیوڈ وارنر جلد ہی پویلین لوٹ گئے ۔ انہوں نے چھ رن بنائے ۔ تاہم اس کے بعد جانی بیرسٹو اور منیش پانڈنے نے شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو سنبھالا ۔ دونوں کے درمیان 71 رنوں کی شراکت داری ہوئی ۔ منیش پانڈے 34 رن بناکر آوٹ ہوگئے ، مگر دوسری طرف بیرسٹو کریز پر ڈٹے رہے ۔
ایک مرتبہ ایسا لگ رہا تھا کہ حیدر آباد آسانی سے یہ میچ جیت لے گا ، مگر اسی درمیان جانی بیرسٹو شاندار اننگز کھیل کر آوٹ ہوگئے ۔ بیرسٹو نے 61 رنوں کی بہترین اننگز کھیلی ۔ بیرسٹو کے آوٹ ہوتے میچ پلٹ گیا اور آر سی بی کے گیند بازوں کے سامنے حیدر آباد کا کوئی بلے باز زیادہ دیر تک کریز پر نہیں رک سکا ۔ پریم گرگ نے 12 رن بنائے ، ابھیشیک شرما نے سات رن ، راشد خان نے چھ رن اور سندیپ شرما نے نو رن بنائے جبکہ بھونیشور کمار اور وجے شنکر کھاتہ بھی نہیں کھول سکے ۔
اس سے قبل رائل چینلجرس بنگلورو کی شروعات کافی شاندار رہی اور پہلی وکٹ کیلئے دیودت پڈیکل اور ایرون فنچ کے درمیان گیارہ اوورس میں 90 رنوں کی شراکت داری ہوئی ۔ پڈیکل نے شاندار 56 رنوں کی اننگز کھیلی جبکہ ایرون فنچ 29 رن بناکر پویلین لوٹے ۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی اور اے بی ڈیویلیئرس نے آر سی بی کی اننگز کو آگے بڑھایا ۔ تاہم کپتان کوہلی 14 رن بناکر آوٹ ہوگئے ، مگر ایک طرف ڈیویلیئرس کریز پر جمے رہے اور انہوں نے 30 گیندوں پر شاندار 51 رنوں کی اننگز کھیلی ۔ علاوہ ازیں شیوم دیوبے نے سات اور جوش فلپ نے ایک رن بنائے ۔