سعودی عرب نے کرونا وائرس کے باعث معطل ہونے والے عمرہ پروگرام کو زائرین کے لیے مرحلہ وار کھولنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر حج وعمرہ محمد صالح بنتن نے کہا ہے کہ ’’ان کا ملک حفظان صحت کے ایس او پیز کے ساتھ عمرہ بتدریج بحال کرنے والا ہے‘‘۔
عمرہ پروگرام کو یادگار اور آسان تر بنانے سے متعلق عمرہ فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے سعودی وزیر حج وعمرہ کا کہنا تھا ’’آئندہ مرحلے میں جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کیا جائے گا تاکہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے اندرون و بیرون ملک عمرہ پیکیج جدید شکل میں متعارف کرا سکیں‘‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’’وزارت ایک ایپ جاری کرے گی جس کے ذریعے خواہشمند افراد اپنی آسانی کو پیش نظر رکھتے ہوئےعمرہ ادا کرنے کی تاریخ اور وقت کا تعین کریں گے۔ عمرہ کمپنیاں اور ادارے اس حوالے سے اندرون ملک اور باہر سے عمرے کے لیے آنے والوں کو اپنی خدمات پیش کریں گی‘‘۔
سعودی وزیر نے بتایا کہ ’’عمرہ پروگرام کے سلسلے میں 30 سے زیادہ سعودی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو کام کا موقع دیا جائے گا۔ عمرہ کمپنیاں آن لائن اپنی خدمات پیش کریں گی اور عمرے پر آنے والوں سے رابطے میں رہیں گی جبکہ پہلی تبدیلی اندرون و بیرون ملک سے مسجد نبوی کے زائرین کے حوالے سے کی جائے گی‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ عمرہ کمپنیاں اندرون ملک سے عمرہ کرنے والے سعودیوں، مقیم غیر ملکیوں، جی سی سی ممالک اور دنیا بھر کے عمرہ زائرین کو خدمات فراہم کریں گی۔ ہم 2030 تک سالانہ تین کروڑ عمرہ زائرین کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں۔
بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمرہ زائر کو عمرے کی درخواست دیتے ہوئے کرونا سے پاک ہونے کا سرٹیفیکٹ دینا ہوگا۔
سعودی وزارت خارجہ نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے تحت 26 فروری کو عمرے اور مسجد نبویﷺ کی زیارت کے لیے سعودی عرب آمد پر تاحکم ثانی عارضی پابندی لگا دی تھی۔