لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ شہر کے ٹرانس گومتی علاقہ میں بند گھروں میں چوری اور گاڑی چوری کرنے والے ۵ شاطر چوروں کو گزشتہ رات جانکی پورم پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے پکڑے گئے گاڑی چوروں کے پاس سے چوری کی چھ موٹر سائیکل ،۸ لاکھ کے زیورات اور چوری میں استعمال ہونے والے آلات برآمد کئے۔ پکڑے گئے چوروں کے گینگ کا ایک رکن ابھی فرار ہے جو کہ زیورات بارہ بنکی کے ایک صراف کو فروخت کرتا تھا۔ ایس پی ٹی جی حبیب الحسن نے بتایا کہ جانکی پورم پولیس نے دو شنبہ کی رات مخبر کی اطلاع پر بھٹولی ریلوے کراسنگ کے پاس سے ۵ شاطر چوروں کو گرفتار کیا۔ پوچھ گچھ میں پکڑے گئے چوروں نے اپنا نام شہاب الدین سیتاپور، منا بارہ بنکی ، عنایت، سلطان اور علی گڑھ کا بھوپیندر بتایاہے۔ پولیس نے پکڑے گئے چوروں کے پاس سے چوری کی چھ موٹر سائیکلیں اور چوری کئے گئے ۸لاکھ کے زیورات برآمد کئے ۔ پوچھ گچھ کے دوران چوروں نے جنوری اور فروری ماہ میں صرف جانکی پورم میں ہی چوری کی پانچ واردات انجام دینے کی بات قبول کی ہے۔ پکڑے گئے چور اس کے علاوہ علی گنج ، مڑیاؤں، وکاس نگر، غازی پور، مہا نگر اور
گڑمبا علاقہ میں بھی کئی گھروں میں چوری کر چکے ہیں۔ چوروں کا یہ گینگ دن میں گھوم کر گھروں کو نشانزد کرتا ہے۔ اس کے بعد رات میں موقع دیکھ کر چوری کی واردات انجام دیتا تھا۔ انسپکٹر جانکی پورم وشال یادو نے بتایا کہ اس گینگ میں امانت نام کا ایک اور چور شامل ہے جو کہ ابھی فرار ہے۔ امانت چوری کے زیورات کو بارہ بنکی کے ایک صراف کو فروخت کر تا تھا۔ جانکی پورم پولیس اب فرار امانت کے بارے میں پتہ لگا رہی ہے۔