نئی دہلی،29 ستمبر(یواین آئی) کانگریس کی اترپردیش کی انچارج جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ریاست کے ہاتھرس میں حیوانیت کی شکار ہوئی ایک بچی کا حوالہ دیتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر منگل کو سخت حملہ کیا اور کہا کہ ریاست میں امن و قانون اب حد سےزیادہ بگڑ گیا ہے۔
محترمہ واڈرا نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا’’ہاتھرس میں حیوانیت کی شکار ہونےوالی دلت بچی نے صفدرجنگ اسپتال میں دم توڑ دیا۔ دو ہفتے تک وہ اسپتالوں میں زندگی اور موت سے درمیان جھولتی رہی۔ہاتھرس ،شاہ جہاں پور اور گورکھپور میں ایک کے بعد ایک آبرو ریزی کے واقعات نے ریاست کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔اترپردیش میں امن و قانون حد سے زیادہ بگڑ چکا ہے۔‘‘
انہوں نے خواتین کی حفاظت کے سلسلے میں سوال اٹھائے اور کہا،’’خواتین کی حفاظت کا نام و نشان نہیں ہے۔مجرم کھلے عام جرم کررہے ہیں۔ اس بچی کے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے۔ آدتیہ ناتھ جی اترپردیش کی خواتین کی حفاظت کے تئیں آپ جواب دہ ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ ہاتھرس کے ایک گاؤں میں 19 سالہ دلت لڑکی کے ساتھ چار افراد نے عصمت دری کی جس کے بعد لڑکی کو دہلی کے صفدر گنج اسپتال میں نازک حالت میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔