کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال مارچ سے عمرے کی عارضی معطلی کے بعد زائرین کے پہلے گروپ نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب چاربجے سے مسجد الحرام میں عمرے کی ادائیگی کا آغاز کردیا۔ اس موقع پر مکہ مکرمہ میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اسکے ساتھ عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے تیاریاں پہلے ہی مکمل تھیں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ اور سعودی سرکاری میڈیا پر اس حوالے سے تصاویر اور وڈیوز شیئر کی گئی ہیں جس میں عمرہ زائرین کے پہلے گروپ کو مسجد الحرام میں داخل ہوتے، احتیاطی تدابیر کی پابندی اور طواف کرتےدکھایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت نے گزشتہ شب سے سعودی شہریوں اور مملکت میں موجود غیرملکیوں کو عمرے کی ادائیگی کی اجازت دیدی ہے اور اس کے ایک ماہ بعد بیرون مملکت سے زائرین کو عمرہ کی اجازت دی ہے۔
محدود عمرہ کی شروعات روزانہ چھ ہزار زائرین سے کی گئی ہے۔پریذیڈنسی کے مطابق ابتدا میں طواف صرف دو لائنوں میں کیا جا رہا ہے۔ سو افراد 15 منٹ میں ساتوں چکر مکمل کرلیں گے۔ ایک گھنٹے میں 4 سو افراد 7 چکر لگا سکیں گے۔ اس طرح ایک دن میں 6 ہزار افراد آسانی سے عمرہ کریں گے۔
تیسری لائن بھی کھولی جاسکتی ہے جس میں 150 افراد ہوں گے۔ یہ 15 منٹ میں سات چکر لگا سکیں گے۔ اس سے طواف کرنے والوں کی فی گھنٹہ تعداد چھ سو تک پہنچ جائے گی۔ اس طرح 6 ہزار افراد ہر دس گھنٹے میں طواف مکمل کرسکیں گے۔
پریذیڈنسی نے مزید بتایا کہ عمرہ زائرین مسجد الحرام میں باب الجیاد اور باب ملک فہد سے داخل ہورہے ہیں پھر انہیں حرم مکی میں ایک خاص پوائنٹ پر جمع کیا گیا اور وہاں سے شاہ فہد والی توسیع والے حصے میں جمع کرکے ان کی گروپ بندی کی گئی پھر گروپوں کو مطاف روانہ کیا جا تا رہا۔ ہر گروپ میں سو افراد شامل ہیں۔ اجتماع کی جگہ سے گروپ کو طواف کے لیے مختص دولائنوں پر پہنچایا جارہا ہے۔
ہر لائن میں سو افراد شامل ہیں۔ طواف سے فراغت کے بعد گروپ کو دو رکعت طواف ادا کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ اس کے بعد طواف کی سنتیں پڑھنے پر انہیں صفا لے جایا جائے گا۔ جہاں وہ سعی کریں گے۔ عمرے سے فراغت کے بعد زائرین کو واپسی کے لیے مقررہ جگہ لے جایا جائے گا۔
پریذیڈنسی نے بیان میں کہا کہ عمرہ زائرین کی گروپ بندی کے پوائنٹ مقرر کیے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں روزانہ چھ ہزار زائرین کدی اور الشبیکہ میں جمع ہوں گے۔
دوسرے مرحلے میں روزانہ پندرہ ہزار عمرہ زائرین کدی، الشبیکہ اور باب علی تین مقامات پر جمع ہوں گے۔ تیسرے مرحلے میں روزانہ 60 ہزار عمرہ زائرین کدی، الشبیکہ، باب علی، الغزہ اور جرول مقامات پر جمع ہوں گے۔ چوتھے مرحلے میں سو فیصد گنجائش کے ساتھ ہو گا ( کدی، الشبیکہ، باب علی، غزہ اور جرول) مقامات پر جمع ہوں گے۔