اسلامی جمہوریہ ایران کے بارڈر سیکورٹی فورس کے کمانڈر نے ایران و عراق کی مشترکہ زمینی سرحدیں بند رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اربعین حسینی کے زائرین سرحدوں کی طرف جانے سے اجتناب کریں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی بارڈر سیکورٹی فورس کے کمانڈر بریگیڈیر احمد علی گودرزئی نے جنوب مغربی ایران میں واقع شلمچہ سرحدی گذرگاہ کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ عراق جانے والے زائرین کے لئے مشترکہ سرحدیں بند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عراق کے اعلان اور ایران کی انسداد کورونا کمیٹی کے فیصلے کے مطابق اس سال کورونا وبا کی بنا پر اربعین حسینی کے ملین مارچ نہیں ہوں گے۔ ایران کی بارڈر سیکورٹی فورس کے کمانڈر نے کہا کہ عراقی حکام نے بارہا ایرانی حکام کے ساتھ مشترکہ گفتگو میں تاکید کی ہے کہ سرحدوں کو کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سرحدی پولیس اہلکاروں کے سربراہ بریگیڈیر احمد علی گودرزئی نے ایران و عراق کی مشترکہ سرحدوں پر پائے جانے والے امن پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی علاقوں میں امن و سلامتی اور نظم و ضبط کا قیام اور سرحدی شہریوں کے حقوق کا تحفظ ایران کے سرحدی محافظوں کے ہاتھوں کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب عراق میں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب و انصار کے چہلم کی مناسبت سے کربلائے معلی کی جانب عراقی شہریوں اور عزاداروں کا پیدل مارچ جاری ہے اور اس موقع پر حکومت عراق نے زائرین کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے خاص انتظامات کئے ہیں۔
عراقی میڈیا کے مطابق سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے پیدل مارچ میں ہزاروں عراقیوں کے علاوہ عراق میں موجود غیر ملکی شہری بھی اربعین حسینی کے مارچ میں شریک ہیں۔
ان زائرین کرام کے ہاتھوں میں عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کا طویل ترین پرچم موجود ہے جنھوں نے اپنے پیدل مارچ کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ قدس کے شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے شہید ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس کی پرزور حمایت کے ساتھ ان کو خراج عقیدت بھی پیش کیا ہے ۔
ان زائرین نے اسی طرح اپنے پیدل مارچ کے دوران عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کی حمایت اور اسی طرح دنیا کے سب سے بڑے شیطان امریکہ نیز دہشت گرد گروہوں کے خلاف شدید نعرے بھی لگائے۔
قابل ذکر ہے کہ 20 صفر 1442 ہجری قمری مطابق 8 اکتوبر 2020 بروز جمعرات حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے باوفا اصحاب و انصار کا چہلم ہے اور چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر ہر سال دسیوں لاکھ ملکی اورغیر ملکی زائرین کربلا پہنچتے ہیں۔عراق میں اربعینی حسینی کا سب سے بڑا مارچ اس ملک کے مقدس شہر نجف اشرف سے کربلائے معلی تک پیدل سفر کرنے کا ہوتا ہے۔
مگر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اس سال اربعین کے موقع پر غیر ملکی زائرین کے لئے عراق میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم اس سال بھی عراقی عوام اور وہاں موجود غیر ملکی شہری برسہا برس کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اور کورونا وائرس کے پیش نظر طبی اصولوں کی پابندی کے ساتھ بصرہ، ناصریہ اور سماوہ سمیت مختلف علاقوں سے کربلا کی جانب پیدل مارچ میں مصروف ہیں۔