فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے دہشتگردوں نے غرب اردن میں فلسطینی کسانوں پر حملہ کیا ہے۔فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے جمعہ کے روز ان فلسطینی کسانوں کی جانب فائر کھول دیا جو اپنے کھیتوں میں کام کر رہے تھے۔ اس حملے اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی جس کے سبب کئی فلسطینی زخمی ہو گئے۔
صیہونی بستیاں تعمیر کرنے والی کونسل کا کہنا ہے کہ غرب اردن میں نئی صیہونی بستیوں کی تعمیر کیلئے فلسطین کے ہزاروں میٹر ذرعی زمینوں کو ہتھیا لیا جائیگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے دہشتگردوں نے کفر قدوم کے علاقے میں پُر امن فلسطینی مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل داغے، ربر کی گولیاں چلائیں اور صوتی بموں کا استعمال کیا تھا جس کے نتیجے میں 20 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
ایسے حالات میں متحدہ عرب امارات اور پھر بحرین نے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ خفیہ تعلقات کو آشکارا کرتے ہوئے سفارتی تعلقات کے قیام کا اعلان کیا ہے اور اسی تناظر میں واشنگٹن جاکر سازشی معاہدے پر دستخط کر دئے ہیں جس کے بعد سے اسرائیل کے ساتھ عرب امارات اور بحرین کے تعلقات کی برقراری کی فلسطینی عوام اور علاقے کے ملکوں کی جانب سے شدید مخالفت کی جا رہی ہے۔
فلسطینی عوام نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اس اقدام کو قبلۂ اول اور فلسطینی کاز سے غداری قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کو عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم سے نکال باہر کیا جائے۔