نئی دہلی، 14 اکتوبر( یواین آئی) ملک میں کورونا وائرس کے کیسز 72 لاکھ سے تجاوز کر چکے ہیں ، حالانکہ شفایاب مریضوں کی تعداد نئے کیسز کے مقابلے میں روزانہ بڑھتی جارہی ہے اور اب تک 63 لاکھ سے زیادہ مریض صحت مند ہوچکے ہیں۔
مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے بدھ کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 74،632 کورونا مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد اب تک ملک میں 63،01،927 کورونا مریض صحت مند ہو چکے ہیں۔ اسی مدت کے دوران کورونا وائرس کے 63،509 نئے کیسز کی رپورٹ کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 72،39،389 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 730 مریضوں نے اپنی جانیں گنوائی ہیں جس سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 1،10،586 ہوگئی ہے۔ کورونا کے نئے کیسز میں کمی کے بعد ایکٹیو کیسز 11،853 سے گھٹ کر 8،26،876 رہ گئے۔
ملک میں ایکٹیو کیسز کی شرح 11.42 فیصد، شفایابی کی شرح 87.05 فیصد اوراموات کی شرح 1.53 فیصد ہے۔
جان لیوا اور مہلک ترین عالمی وبا کووڈ19 سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایکٹیو کیسز کی تعداد 7021 سے کم ہوکر مجموعی تعداد 205884 رہ گئی ہے جبکہ 187اموات سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 40770 ہوچکی ہے ۔ اسی مدت کے دوران15،356 مریض شفایاب ہوئے جس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعداد 1297252 ہوگئی۔