نئی دہلی 14 اکتوبر ( یواین آئی) گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کیرالہ ، دہلی ، آسام اور مغربی بنگال میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے فعال کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
کیرالہ میں سب سے زیادہ 1020 ، دہلی میں 955 ، آسام میں 458 اور مغربی بنگال میں 384 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ فی الحال کیرالہ میں 95493 ، دہلی میں 21490 ، آسام میں 28897 اور مغربی بنگال میں 30988 ایکٹیو کیسز ہیں۔ اس کے علاوہ سات دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر کنٹرول علاقوں میں بھی کورونا کیسز میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے بدھ کے روز جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 63،509 نئے کیسز کی آمد کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 72،39،389 ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا کے کل 8،26،876 فعال کیسز ہیں اور اب تک 63،01،927 مریض جان لیوا وبا کو شکست دے چکے ہیں۔