نئی دہلی۔ جنوبی افریقہ کے کپتان گریم اسمتھ منگل کو جب نیولینڈس میں آخری بار ٹسٹ اننگ کھیلنے کے لئے کریز پر اترے تو ان کے پاس سچن تندولکر کے چوتھی اننگ کے سب سے زیادہ رن کے ریکارڈ کو توڑنے کا سنہرہ موقع تھا لیکن وہ صرف 15 رن سے یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے سے چوک گئے۔ اسمتھ نے آسٹریلیا کے خلاف کیپ ٹائون میں تیسرے اور آخری ٹسٹ میچ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ جنوبی افریقہ میچ کے چوتھے دن منگل کو جب 511 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے کے لئے اترا تو تمام کی نگاہ اسمتھ پر ٹکی ہوئی تھی کیونکہ یہ بین الاقوامی کرکٹ میں ان کی آخری اننگ تھی۔ اسمتھ
کو اس وقت چوتھی اننگ میں سب سے زیادہ رن کے تندولکر کے ریکارڈ کو توڑنے کے لئے 18 رن چاہئے تھے لیکن وہ اننگ کے چوتھے اوور میں ہی مشیل جانسن کی گیند پر شارٹ لیگ پر الیکس ڈولان کو آسان کیچ دے بیٹھے۔ اسمتھ صرف تین رن بنا پائے اور اس طرح سے تندولکر کا ریکارڈ توڑنے سے چوک گئے۔ تندولکر ٹسٹ کرکٹ میں 60 بار چوتھی اننگ میں بلے بازی کے لئے اترے جس میں انہوں نے 36.93 کی اوسط سے 1625 رن بنائے جو کہ ریکارڈ ہے۔ اسمتھ کے نام پر اب چوتھی اننگ میں 1611 رن درج ہیں۔ انہوں نے 41 اننگ میں 51.96 کی اوسط سے یہ رن بنائے۔ موجودہ بلے بازوں میں صرف ویسٹ انڈیز کے شیونرائن چندرپال ہی تندولکر کے اس ریکارڈ کو توڑنے کی پوزیشن میں ہیں۔ چندرپال اب تک میچ کی چوتھی اننگ میں 45 بار کریز پر اترے جس میں انہوں نے 1518 رن بنائے ہیں۔ اس طرح سے وہ تندولکر سے 107 رن پیچھے ہیں۔ ابھی جو بلے باز کھیل رہے ہیں ان میںچندرپال کے بعد ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ( 1280 ) پاکستان کے یونس خان ( 1280 ) ، انگلینڈ کے ایلسٹیر کک ( 1059 ) اور سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے ( 1042 رن) نے ہی چوتھی اننگ میں 1000 سے زیادہ رن بنائے ہیں۔