ممبئی۔ بالی ووڈ کے معروف گلوکار کمار سانو کورونا وائرس کی زد میں آ گئے ہیں۔ 90 کی دہائی میں ہٹ گانے دینے والے پلے بیک گلوکار کمار سانو کی کووڈ۔19 رپورٹ مثبت آئی ہے۔ وہ اپنے کنبے سے ملنے لاس اینجلس جانے والے تھے، لیکن اب ان کے اس سفر پر بریک لگ گیا ہے۔ کمار سانو اپنے گھر میں احتیاط برتتے ہوئے ہوم کوارنٹین ہو گئے ہیں۔ اس اطلاع کے بعد سے کمار سانو کے مداح ان کے جلد ٹھیک ہونے کی دعا کر رہے ہیں۔
دراصل، کمار سانو کو اس بات کا علم تب ہوا جب انہوں نے امریکہ کا ہوائی سفر کرنے سے پہلے لازمی طور سے کرائے جانے والے کووڈ کی جانچ کرائی۔ اس جانچ میں وہ کورونا مثبت پائے گئے۔ ٹائمس آف انڈیا کی ایک خبر کے مطابق، کورونا رپورٹ آنے کے بعد انہوں نے اپنے سفر کو منسوخ کر دیا اور کوارنٹین ہونے کا فیصلہ کیا۔
لاک ڈاون سے وہ اپنے کنبے کو کافی یاد کر رہے تھے۔ تقریبا نو ماہ کے طویل خلا کے بعد انہوں نے لاس اینجلس میں رہ رہے اپنے کنبے سے ملنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے منصوبہ بنایا تھا کہ 20 اکتوبر کو وہ اہلیہ سلونی اور دونوں بیٹیوں کے ساتھ اپنی سالگرہ منائیں گے، لیکن کورونا رپورٹ آنے کے بعد سب ان کے ٹھیک ہونے تک کے لئے ملتوی ہو گیا۔
کمار سانو کی اہلیہ سلونی نے بتایا کہ اگر وہ تب تک ٹھیک محسوس کرتے ہیں تو وہ 8 نومبر کو امریکہ آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 6 مہینوں سے وہ ہم سے ملنے کے لئے بےچین ہیں۔ سلونی نے بتایا کہ اگر وہ بعد میں سفر کرنے میں نااہل ہوتے ہیں تو ان کا کنبہ ان کے ساتھ سبھی تہواروں کو منانے کے لئے ممبئی آئے گا۔ آپ کو بتا دیں کہ کمار سانو کی اہلیہ سلونی اور ان کی دونوں بیٹیاں امریکہ کے لاس اینجلس شہر میں رہتی ہیں۔