مدھیہ پردیش کے اجین سے ایک دل دہلانے والی خبر سامنے آئی ہے ۔ زہریلی شراب پینے سے 14 افراد کی موت سے ہنگامہ مچ گیا ہے ۔ وہیں اجین کے ایس پی نے تصدیق کی ہے کہ سبھی مہلوکین کے بدن میں زہریلی جنجر پائی گئی ہے ۔ اس واقعہ کے بعد شہر کے کھارا کنواں تھانہ انچارج سمیت چار پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں ضلع بھر میں غیر قانونی شراب کے خلاف کارروائی میں اب تک 10 ملزمین کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جمعرات کو اس واقعہ کی ایس آئی ٹی سے جانچ کی ہدایت دی ۔ چوہان نے کہا کہ نہ صرف اجین بلکہ پوری ریاست میں اس طرح کے معاملات پر نظر رکھی جائے ، جہاں کہیں بھی ایسے ملاوٹی اور زہریلے مادے کو بیچے جانے کا شک ہو ، سخت سے سخت کارروائی کی جائے ۔