گزشتہ چند روز سے خبریں تھیں کہ بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بیٹے جنید خان ملیالم سپرہٹ فلم عشق کے ہندی ری میک میں اپنے ڈیبیو کے لیے تیار ہیں۔لیکن اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ جنید خان نے فلم کے ہندی ری میک کے لیے آڈیشن تو دیا تھا لیکن وہ رول حاصل نہیں کرسکے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ افواہوں کے برعکس عامر خان کے بیٹے جنید خان ملیالم فلم عشق کے ہندی ری میک سے اپنا فلم ڈیبیو نہیں کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ عامر خان کے بیٹے نے فلم میں کردار کے لیے آڈیشن دیا تھا لیکن وہ منتخب نہیں ہوسکے۔
عامر خان کے بیٹے نے فلم میں کردار کے لیے آڈیشن دیا تھا لیکن منتخب نہیں ہوسکے—فوٹو:ای بائیوپک ڈاٹ کام
انہوں نے بتایا کہ جنید خان اپنے طور پر بہت سے ڈائریکٹرز سے ملاقاتیں کررہے ہیں اور فلموں کے لیے متعدد آڈیشنز دے رہے ہیں لیکن انہیں اب تک کسی فلم میں کوئی رول نہیں ملا۔
جنید خان گزشتہ 3 برس سے تھیٹر کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ جنید خان ایک بھارتی ٹی وی شو ماسٹر مائنڈز کا حصہ بھی تھے اور انہوں نے فلم ’پی کے’ جس میں عامر خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، میں ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی کے ساتھ بھی کام کیا تھا۔
جنید خان نے جرمن ڈراما نگار برتولت بریخت کے پلے مدر کوریج اینڈ ہر چلڈرن پر کواسر ٹھاکر پدمسی کے تھیٹر سے اپنا کیرئیر شروع کیا تھا۔ انہوں لاس اینجلس میں امریکن اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹس سے ٹریننگ حاصل کی تھی۔
انہوں نے فلم ’پی کے’ میں ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی کے ساتھ بھی کام کیا—فائل فوٹو: کوئی موئی ڈاٹ کام
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم نگری میں جنید خان کی انٹری سے متعلق ماضی میں گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا تھا کہ یہ جنید خان پر ہے (کہ وہ کب فلم ڈیبیو کریں گے)۔
عامر خان نے کہا تھا کہ ان کے بیٹے کو خود اپنی زندگی کے فیصلے کرنے چاہئیں، یہ میں نے انہی پر چھوڑا ہے۔
بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ نے کہا تھا کہ جنید خان کا جھکاؤ تخلیقی مواد اور فلم سازی کی طرف ہے، وہ اپنے راستے پر چل رہے ہیں، انہوں نے تھیٹر پڑھا ہے۔
عامر خان نے کہا تھا کہ جنید خان دراصل فلموں سے زیادہ تھیٹر میں دلچسپی رکھتے ہیں، میں نے انہیں اپنا راستہ خود تلاش کرنے اور اس پر چلنے کی اجازت دی ہے۔