بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار انیل کپور جو بھارت میں لاک ڈاؤن کے دوران مداحوں کو مختلف ویڈیوز کے ذریعے متاثر کرتے رہے ہیں، انہوں نے اب انکشاف کیا ہے کہ وہ 10 برس سے ایک بیماری کا شکار تھے جسے شکست دینے میں وہ کامیاب ہوگئے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق انیل کپور نے انسٹاگرام پر کی گئی پوسٹ میں اپنی بیماری سے متعلق بتایا۔
انہوں نے لکھا کہ ’مجھے 10 سال سے ایچیلیس ٹینڈن (پنڈلیوں کے پٹھوں کے کھچاؤ) کا مسئلہ تھا اور دنیا بھر کے ڈاکٹروں نے مجھے بتایا تھا کہ سرجری ہی اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کا واحد آپشن ہے‘۔
https://www.instagram.com/anilskapoor/?utm_source=ig_embed
انیل کپور نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ وہ گزشتہ 10 سالوں سے پنڈلیوں کے پٹھوں میں کھچاؤ کی بیماری میں مبتلا تھے جسے اب انہوں نے شکست دے دی ہے۔
اداکار نے اپنے ڈاکٹر سے متعلق بتاتے ہوئے لکھا کہ ڈاکٹر میولر کے نئے سرے سے علاج کے بعد میں لنگڑاتے ہوئے چلنے کے بعد چہل قدمی، اس کے بعد دوڑنے لگا اور بلآخر اب اچھل کود بھی کر سکتا ہوں اور ایسا کسی سرجری کے بغیر ہوا ہے۔
انیل کپور نے کچھ تصاویر بھی شیئر کیں جن میں وہ رسی کود رہے ہیں اور 2 تصاویر میں وہ اپنے ڈاکٹر کے ساتھ ہیں جنہوں نے انہیں صحتیاب ہونے میں مدد دی۔
بولی وڈ اداکار کو ہونے والی بیماری، ٹانگ کے نچلے حصے میں موجود فائبرس ٹشوز جنہیں ایچیلیس ٹینڈن کہا جاتا ہے میں خرابی کی وجہ سے ہوئی، جن میں سوزش یا ان میں کوئی بگاڑ کا نتیجہ شدید درد اور تکلیف کا باعث بنتا ہے۔
انیل کپور کی پوسٹ پر مداحوں نے ان کی تعریف کی اور 10 سال تک اس بیماری کا مقابلہ کرنے پر ان کی ہمت کی داد دی۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ آپ بہت خوش قسمت ہیں کہ آپ کو ایسا ڈاکٹر ملا جس نے دوسرے طریقے سے علاج کیا جبکہ اکثر ڈاکٹرز سرجری ہی کو ترجیح دیتے ہیں’۔