ٓسڑیلیا کے شہر سڈنی میں ایک جامع مسجد کو بھی اسلاموفوبیا کا نشانہ بنا دیا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ترکی کی وزارت مذہبی امور سے منسلک آو برن گیلی پولی مسجد اور اسلامی مرکز میں داخل ہونے والے حملہ آور نے مسجد کی بالائی منزل پر کھڑکیوں کے شیشے، اسکرینیں، فانوس اور دیگر اشیا توڑ ڈالیں، جس سے مسجد اور مرکز کو ہزاروں ڈالر کا نقصان پہنچا۔ شرپسند نے اس دوران اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز اور نسل پرستانہ نعرے بھی لگائے۔
حملے کے وقت مسجد اندر سے خالی تھی، تاہم کچھ شہریوں نے جائے وقع پر پہنچ کر وڈیو بنائی اور پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا، تا ہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
تُرک تنظیم نے مسجد پر حملے کی مذمت اور اظہارِ تشویش کرتے ہوئے آسٹریلوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نفرت انگیز نظریات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ آسٹریلیا بھی شدید اسلاموفوبیا کے شکار ممالک میں شامل ہے۔