امریکا میں جاری الیکشن مہم کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیغام رسانی کے لیے استعمال کی جانے والی ویب سائٹ پر سائبر حملہ کیا گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکشن مہم کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر ٹِم مورٹو کے مطابق گزشتہ شام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ویب سائٹ پر حملہ کیا گیا تھا جس پر تاحال قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے کام جاری ہے۔
کمیونیکیشن ڈائریکٹر ٹم مورٹو کے مطابق ویب سائٹ بحال کر دی گئی ہے جبکہ تا حال سائبر حملہ کرنے والے ذرائع سے متعلق تفتیش جاری ہے ۔
کمیونیکیشن ڈائریکٹر ٹم مورٹو کے مطابق سابئر حملے کے دوران حساس معلومات محفوظ رہیں کیونکہ ویب سائٹ پر حساس معلومات شیئر نہیں کی گئی تھیں۔
دوسری جانب امریکی ’سائبر سیکیورٹی اینڈ انفرا اسٹرکچر سیکیورٹی ایجنسی‘ کے ڈائریکٹر کرس کربس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن مہم کی ویب سائٹ پر حملے سے متعلق کہا گیا ہے کہ ’اُنہوں نے کل کہا تھا کہ ویب سائٹ پر اس قسم کے حملے ملک میں افرا تفری پھیلاتے ہیں، الیکشن کے لیے کی گئی کاوشوں کو مسخ کرنے، سنسنی پھیلانے اور عوام کو تذبذب کا شکار بنانے کے لیے حملہ کیا گیا ہے۔‘
کرس کربس کی جانب سے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’سائبر حملہ کرنے والے افراد ووٹنگ کے عمل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور ووٹرز کے اعتماد میں کمی لانا چاہتے ہیں ۔‘
واضح رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے امریکی الیکشن سے متعلق امریکا میں اس دوران الیکشن مہم جاری ہے جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن صدارت کے لیے امید وار ہیں ۔