نئی دہلی، 6 مارچ (یو این آئی)دہلی پولس نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہیڈکوارٹر پر کل عام آدمی پارٹی کے مظاہرہ کے دوران پرتشدد جھڑپ کے سلسلے میں سابق صحافی اور پارٹی رہنما آشوتوش اور شاذیہ علمی سمیت کئی رہنماؤں کے خلاف معاملہ کرکے 12 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔تشدد کا یہ واقعہ کل گجرات میں آپ کے رہنما اروند کیجری وال کو حراست میں لئے جانے کے خلاف مظاہرہ کے دوران پیش آیا تھا۔دہلی پولس کے جوائنٹ کمشنر ایم کے مینا نے بتایا کہ آپ کے 14 کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں آج پٹیالہ ہاؤس عدالت میں پیش کیا جائے گا۔دہلی پولس نے پارلیمنٹ اسٹریٹ تھانہ میں آشوتوش، شاذیہ علمی، پروفیسر آنندکمار اور دیگر کئی لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ لوگ بی جیپی ہیڈکوارٹر کے باہر غیر قانونی طور پر جمع تھے۔
مسٹر مینا نے کہاکہ جتنے لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے ان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔آشوتوش کو جس وقت پولس اپنے ساتھ لے جارہی تھی انہو ںنے اپنے کارکنوں سے صبرو تحمل اختیار کرنے کی اپیل کی اور کہاکہ پولس والے بھی اس ملک کے شہری ہیں اور وہ اپنی ذمہ داری کو ادا کررہے ہیں اس لئے اس میں رخنہ نہیں ڈالیں۔انہو ں نے تاہم الزام لگایا کہ دہلی پولس وزیر داخلہ کے بجائے بی جیپی لیڈر نریندر مودی کے اشارے پر کام کررہی ہے۔