سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ “اگر ہم موجودہ سیاسی حالات میں بھی اقتدار کے پیچھے بھاگیں گے تو وہ ہمارے لئے لعنت ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات آپسی چھوٹی سیاسی لڑائیوں میں الجھے رہنے کے نہیں بلکہ ہمیں آج اپنے تشخص اور زمین کے لئے لڑائی لڑنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سال گذشتہ کے اوائل میں ہم سب جماعتیں الگ الگ راستوں پر چل رہی تھیں لیکن آج ہم ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہونے کے لئے مجبور ہوئے ہیں۔
موصوف نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں پارٹی کارکنوں سے اپنے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ “آج سیٹیں گننے کا موقع نہیں ہے، آج کرسی اور قتدار کے لئے لڑائی لڑنے کی بات نہیں ہے۔ لعنت ہے ہم پر اگر آج کے حالات میں بھی ہم اقتدار کے پیچھے بھاگیں گے، تو لوگ ہمیں کبھی بھی معاف نہیں کریں گے آج ہماری نظر سکریٹریٹ پر نہیں بلکہ اپنے تشخص کو بچانے پر ہونی چاہئے۔”
عمر عبداللہ نے کہا کہ آج سبھی جماعتیں ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “سال گذشتہ کے ماہ مارچ اپریل میں ہم سب پارٹیاں پی ڈی پی، کانگریس، پیپلز کانفرنس الگ الگ راستوں پر چل رہی تھیں لیکن آج ہم مرکز کی سازش کے نتیجے میں ہم ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ آج لوگوں کی نظریں ہماری طرف ہیں کہ آیا ہم زمین اور تشخص کو کس طرح بچانے میں کامیاب ہوں گے۔
موصوف نے کہا کہ دلی والوں نے ہمیں کمزور کرنے کے لئے کوئی حربہ نہیں چھوڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ “دلی والوں نے ہمیں کمزور کرنے کے لئے کوئی حربہ نہیں چھوڑا، جو عقل آج ہمیں آئی ہے کاش پہلے آئی ہوتی تو شاید آج یہ نوبت نہیں آتی۔” انہوں نے کہا کہ مرکز کی ہمیں کمزور کرنے کی کوششوں کا نتیجہ ہی ہے کہ ہم آج بکھر گئے ہیں اور ان کی سازش کامیاب ہوئی ہے۔