ممبئی: اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد بالی ووڈ میں مہینوں سے نیپوٹزم کا معاملہ موضوع بحث ہے۔ یہ معاملہ ابھی بھی ختم نہیں ہوسکا ہے۔ آئے دن انسائیڈر اور آوٹ سائیڈرس کو لےکر ڈبیٹ ہوتی رہتی ہے۔ اس درمیان ٹی وی دنیا کے سب سے متنازعہ ریئلٹی شو بگ باس میں بھی نیپوٹزم کو لےکر بحث چھڑ گئی ہے، جسے لےکر شو کے ہوسٹ سلمان خان کافی ناراض ہیں۔ ابھی تک سلمان خان نے اس موضوع پر خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔
تاہم، جب ان کے ہی شو میں نیپوٹزم کا مدعا اٹھا تو وہ کچھ بولے بغیر نہیں رہ پائے، جس کےبعد ویکنڈ کا وار کے ایپیسوڈ میں سلمان خان، راہل وید پر بھڑکتے ہوئے نظر آئے۔ دراصل، راہل وید حال ہی میں جان کمار سانو پر نیپوٹزم کو لےکر کمنٹ کرتے نظر آئے تھے، جسے لےکر سلمان خان نے راہل وید کی کلاس لگانی شروع کردی۔
بگ باس-14 کے ویکنڈ کا وارکا پرومو سامنے آیا ہے، جس میں شو کے ہوسٹ سلمان خان راہل وید سے کہتے ہیں کہ بگ باس وہ پلیٹ فارم نہیں ہے، جہاں نیپوٹزم کے موضوع پر بات کی جائے۔ اس ہفتے کی شروعات میں راہل وید نے کہا تھا کہ جان کمار سانو مقبول ومعروگ گلوکارکمار سانو کے بیٹے ہیں اورنیپوٹزم کے سبب بگ باس میں انہیں کام ملا ہے۔ جب سلمان خان نے جان کمار سے پوچھا کہ کیا ان کے والد نے کبھی انہیں کام دلانے کے لئے سفارش کی ہے تو گلوکار نےکہا، ’نہیں سر، میرے والد نے کبھی میری سفارش نہیں کی’۔
سلمان خان، راہل وید سے کہتے ہیں، ’اگر میرے والد میرے لئےکچھ کرتے ہیں، تو وہ نیپوٹزم ہوا؟ آپ اپنے بچوں کو کسی کے اوپر تھوپ رہے ہو، پریشر ڈال رہے ہو، اس انڈسٹری کے اندر یہ ممکن ہے؟ مجھے جاننا ہے’۔ سلمان خان کے سوالوں کے جواب میں راہل وید خاموشی سے سر ہلاتے ہوئے نظر آر ہے ہیں۔ واضح رہے کہ نیپوٹزم کو لےکر راہل وید کئی بار جان کمار سانو پر تنقید کرچکے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نےکہا تھا- ’جان ایک نیپو کڈ ہے اور مجھے نیپوٹزم پسند نہیں ہے’۔