ڈیوڈ وارنر اور ردھمان ساہا کی آتشی اننگز کے دم پر سن رائزرس حیدرآباد نے آئی پی ایل کے اس سیزن کے آخری لیگ میچ میں ممبئی انڈینس کو ہرا کر پلے آف میں جگہ بنا لی ہے ۔ حیدرآباد کی جیت کے ساتھ ہی کولکاتہ نائٹ رائیڈرس کی پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں بھی پوری طرح سے ختم ہوگئی ہے ۔ پلے آف میں پہلے ہی جگہ بنا چکی ممبئی کیلئے یہ مقابلہ کوالیفائر سے پہلے ایک پریکٹس کی طرح تھا ،
وہیں حیدرآباد کیلئے یہ پلے آف میں جگہ بنانے کیلئے آخری موقع تھا ، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وارنر کی حیدرآباد نے 10 وکٹ سے جیت حاصل کرکے خود کا سفر جلدی ختم ہونے سے بچالیا ۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ممبئی انڈینس حیدرآباد کے اٹیک کے سامنے لڑکھڑا گئی اور مقررہ اوورس میں صرف 149 رن ہی بناسکی اور جیت کیلئے ملے 150 رنوں کے ہدف کو حیدرآباد نے 17 گیندیں باقی رہتے ہی حاصل کرلیا ۔
حیدر آباد کی جانب سے وارنر اور ساہا نے دونوں جانب سے آتشی بلے بازی کی اور سنچری کی ساجھیداری کرکے حیدرآباد کو بڑے فرق سے جیت دلا دی ۔ دونوں کے درمیان 151 رنوں کی شراکت داری ہوئی ۔ وارنر نے 57 گیندوں میں 81 رن بنائے جبکہ ساہا نے 45 گیندوں پر ناٹ آوٹ 58 رن بنائے ۔
ادھر ممبئی کی ٹیم میں کپتان روہت شرما نے واپسی کی ۔ حالانکہ وہ بلے بازی میں کوئی کمال نہیں کرسکے اور چار رن بناکر سندیپ کا پہلا شکار بنے ۔ ڈی کاک نے پانچویں اوور میں سندیپ کی گیند پر دو چھکے اور ایک چوکا جڑا ، لیکن اگلی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ انہوں نے 13 گیند میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 25 رن بنائے ۔ علاوہ ازیں سوریہ کمار نے 36 رن ، ایشان کشن نے 33 رن ، کیرون پولارڈ نے 41 رن بنائے ۔