نئی دہلی، 10 نومبر (یو این آئی)وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں سوامی وویکانند کے قد آدم مجسمہ کی نقاب کشائی کریں گے۔
اس موقع پر مرکزی وزیر تعلیم بھی موجود ہوں گے وزیر اعظم کے دفتر نے آج بتایا کہ سوامی ویویکانند کا فلسفہ اور مشن ابھی بھی نوجوانوں کی ترغیب کا باعث ہے۔ ہندوستان کو اس عظیم شخصیت پر فخر ہے جو اب بھی پوری دنیا کے لاکھوں لوگوں کے لئے باعث تحریک ہے۔
اس سے قبل، یونیورسٹی کے وائس چانسلر جگدیش کمار نے ٹویٹ کرکے کہا تھا کہ وزیر اعظم ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ جمعرات کو سوامی وویکانند کے مجسمے کی نقاب کشائی کریں گے۔
سوامی ویویکانند ایک مشہور اور بااثر پیشوا تھے۔ انہوں نے سن 1893 میں امریکہ کے شکاگو میں منعقدہ عالمی مذہبی پارلیمنٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے رام کرشن مشن کی بنیاد بھی رکھی۔