لندن، 11 نومبر (اسپوتنک) برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے امریکہ میں ہوئے صدارتی انتخابات میں جیت حاصل کرنے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن سے فون پر بات کرکے کہا کہ وہ برطانیہ اور امریکہ کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے اور دونوں مملاک کی مشترکہ ترجیحات پر ان کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔
مسٹر جانسن نے منگل کو ٹوئٹ کرکے کہا ’’میں نے جو بائیڈن سےے فون پر بات چیت کرکے انہیں انتخابات کے نتائج پر مبارکباد دی ہے۔ میں دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مضبوط کرنے اور مشترکہ ترجیحات پر کام کرنے اور آب و ہوا کی تبدیلی سے نمٹنے، جمہوریت کو فروغ دینے اور کورونا وبا پر قابو پانے کے سلسلے میں ان کے ساتھ کرم کرنے کا خواہش مند ہوں‘‘۔
واضح رہے کہ امریکہ میں تین نومبر کو ہوئے صدر کے انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر جو بائیڈن نے بازی مار لی ہے اور ری پبلکن پارٹی کے امیدوار اور موجودہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
امریکہ صدارتی انتخابات 2020 کے نتائج اگرچہ باضابطہ طور پر اعلان نہیں ہوئے ہیں لیکن دنیا بھر کے لیڈر اور سیاستدانوں نے پہلے ہی مسٹر بائیڈن کو جیت کی مبارکباد دے دی ہے۔ مسٹر بائیڈن نے بھی گزشتہ سنیچر کو اپنی ساتھی کملا ہیرس کے ساتھ قوم کے نام خطاب کرتے ہوئے صدر کے عہدے کی دوڑ میں اپنی جیت کا دعوی کیا تھا۔