نئی دہلی: بھارت بائیوٹیک نے کوویکسین کے تیسرے مرحلے کی جانچ شروع کردی ہے۔ تیسرے مرحلے کی جانچ میں بھارت کے 26 ہزار رضاکاروں کو شامل کیا جائے گا۔ ICMR کے اشتراک سے اس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ بھارت میں کووِڈ انیس ٹیکے کیلئے کیا گیا یہ سب سے بڑی کلینیکل ٹرائل ہے۔
یہ کووِڈ 19 ویکسین کی تاثیر جانچنے کےلئے بھارت کا تیسرے مرحلے کا پہلا اور اب تک کا سب سے بڑا مطالعہ ہے۔ اس ٹرائل کو ctri.nic.in پر رجسٹر کیا گیا ہے اور بھارت کے ڈرگس کنٹرولر جنرل کی طرف سے اسے منظور کیا گیا ہے۔ کوویکسین کی آزمائش کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں ایک ہزار مختلف کیفیات کا تجزیہ کیا گیا، جس میں تحفظ اور مامونیت سے متعلق امید افزا اعداد و شمار حاصل ہوئے ہیں۔ بھارت بایوٹیک کے ذریعے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کے اشتراک سے کووڈ اُنیس کیلئے ملک میں ہی کوویکسین تیار کی جارہی ہے۔