لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری اور ریاست کے پارلیمانی امور اور شہری ترقیات وزیر محمد اعظم خاں نے کہا ہے کہ ملک کا اقتدار اگر نیتا جی کے ہاتھ میں آگیا تو فاش
سٹ طاقتیں اپنے گھروں کا راستہ بھول جائیںگی۔ مسٹر خان نے کہا کہ نوجوانوں کے بغیر ہندوستان نہیں چل سکتا۔ ملک کے کروڑوں لوگ اہم فیصلہ کرنے والے اس میں نوجوانوں پر بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائم سنگھ یادو نے ہمیشہ غریبوں، کسانوں اور مسلمانوں کیلئے جدو جہد کی ہے۔
اعظم خاں نے کہا کہ ملائم سنگھ یادو ملک کے تنہا ایسے لیڈر ہیں جنہوں نے ہر موقع پر سینا تان کر کہا ہے کہ مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ ان کے علاوہ آج تک کسی لیڈر نے ایسا نہ تو کہا ہے اور نہ ہی دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرنگر متاثرین کے آنسو پوچھنے میں اور ان کی مدد کرنے میں وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کوئی کسر نہیں باقی رکھی ہے۔ باقی جماعتوںنے مظفرنگر متاثرین کے نام پر سیاست کی ہے۔ ان کی پریشانیوں اور غم کو دور کرنے کا کام صرف ملائم سنگھ یاد ونے کیا ہے۔
مسٹر خان نے نوجوانوں سے کہا کہ وعدہ کرو کہ تم تقسیم نہیں ہو گے کیونکہ تم نہ ہندو ہو اور نہ مسلمان نہ سکھ اور نہ ہی عیسائی ۔ تم نوجوان ہو تمہیں ملک بنانا ہے اور ملک اسی وقت بنے گا جب متحد ہوکر ایک دوسرے کی خوشی اور غم میں شامل ہوں گے۔