نئی دہلی،19 نومبر(یواین آئی) دارالحکومت میں کورونا وائرس کے خطرناک شکل اختیار کرنے کے درمیان کیجریوال حکومت نے عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف اب سخت کارروائی کرنےکا فیصلہ کیا ہے اور بغیر ماسک لگائے پکڑے جانے پر جرمانہ کی رقم چار گنا بڑھاکر دو ہزار روپے کردی ہے۔
وزیراعلی اروند کیجریوال نے جمعرات کو کورونا کی صورت حال سے نمٹنے کےلئے سبھی پارٹیوں کی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔
پہلے پانچ سو روپے کا جرمانہ تھا۔
مسٹرکیجریوال نے کہا کہ ابھی تک ماسک نہ پہنے جانے پر 500 روپے کا جرمانہ لگتا تھا،لیکن کئی لوگ ابھی بھی ماسک کے بغیر گھوم رہے ہیں، ایسے لوگوں پر سخت کارروائی کےلئے جرمانے کی رقم کو بڑھا کر دو ہزار روپے کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ دہلی میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور بدھ کو اعدادو شمار میں ریکارڈ 131 مریضوں کی موت ہوگئی ہے۔
کورونا کے سلسلے میں سیاسی پارٹیوں سے سیاست نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کہا،’’ہم چاہتے ہیں کہ لوگ دھوم دھام سے چھٹھ کا تہوار منائیں ،لیکن عوامی مقامات پر چھٹھ نہ منائیں۔ کئی ریاستی حکومت نے بھی عوام مقامات پر اسے منانے پر پابندی لگائی ہے۔ ہم بھی چاہتے ہیں کہ کورونا نہ پھیلے ،اس لئے آپ لوگوں سے اپیل ہے کہ چھٹھ کو گھر پر ہی منائیں۔‘‘