نئی دہلی، 19 نومبر (یو این آئی) فوج نے کنٹرول لائن کی دوسری جانب دہشت گردوں کے لانچ پیڈ کو نشانہ بنائے جانے سے متعلق میڈیا رپورٹوں کی تردید کی ہے۔
فوج نے آج کہا کہ کنٹرول لائن پر فائرنگ سے متعلق ایک خبر رساں ایجنسی کی جانب سے دی گئی خبر غلط ہے۔ اس نے واضح کیا ہےکہ کنٹرول لائن پر آج نہ تو کوئی فائرنگ ہوئی اور نہیں جنگ بندی کی خلاف ورزی کا کوئی واقعہ پیش آیا ہے۔ فوج نے کہا کہ خبررساں ایجنسی کی یہ خبر گزشتہ 13 نومبر کو ہوئی جنگ بندی کی خلاف ورزی کے واقعہ کی تفصیلات پر مبنی ہے۔
واضح رہے کہ خبررساں ایجنسی نے آج سرکاری ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ فوج نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے لانچ پیڈ پر سٹیک حملے کرتے ہوئے کارروائی کی ہے۔ خبر میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ فوج کی یہ کارروائی پاکستان کی جانب سے جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کی مسلسل دراندازی کرائے جانے کے جواب میں کی گئی ہے۔