امریکہ کے نو منتخب صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ٹرمپ ملک کی حقیقت و ماہیت کے تعلق سے دنیا کو ایک خطرناک پیغام دے رہے ہیں۔
امریکہ کے نو منتخب صدر اور ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے موجودہ امریکی صدر کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ اپنے ملک کی حقیقت و ماہیت کے تعلق سے دنیا کو ایک خطرناک پیغام دے رہے ہیں۔
فارس نیوز کے مطابق جوبائیڈن نے کہا کہ اس وقت امریکی عوام ڈیموکریسی کے بارے میں نہایت غیر ذمہ دارانہ اقدامات و پیغامات کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے ذریعے نو منتخب صدر کا درجہ حاصل کرنے والے جوبائیڈن نے مزید کہا کہ وہ اپنے انتخابی حریف ٹرمپ کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے محرکات سے آگاہ نہیں مگر یہ طے ہے کہ وہ ایک غیر ذمہ دار آدمی ہیں۔
خیال ر ہے کہ گزشتہ تین نومبر کو امریکہ میں صدارتی انتخابات ہوئے تھے، انتخابات کے بعد امریکہ کے اہم ذرائع ابلاغ نے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف جوبائیڈن کو کامیاب قرار دے کر انکے صدر منتخب ہونے کی خبر دی تھی۔
جوبائیڈن نے مجموعی طور پر تین سو چھے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کل دوسو بتیس الیکٹورل ووٹ حاصل کئے تاہم انہوں نے یہ نتیجہ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے انتخابات میں دھاندلی ہونے کا دعوا کیا اور تاحال وہ بدستور اپنے دعوے پر قائم ہیں۔