بغداد، 7 مارچ (رائٹر) عراق کی راجدھانی بغداد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کل ہونے والے بم دھماکوں میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہوگئے۔راجدھانی بغداد کے شیعہ اکثریتی علاقوں میں رات کے وقت نصف گھنٹے کے اندر تین کاروں میں سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے جن میں مجموعی طور پر 11 افراد ہلاک اور 40 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ دھماکے بغداد کے مغربی ضلع العمل میں باب السرگی بازار کے سامنے اور صدر سٹی میں شیعہ مزدوروں کے علاقے میں ہوئے۔اس کے کچھ دیر بعد بغداد کے ہی مشرقی علاقے میں فلسطینی گلی میں سڑک کنارے ایک بم کے پھٹنے سے ایک پولیس جوان ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہوگئے۔
قبل ازیں دیالا کے کننان ضلع میں ایک کیفے میں بم دھماکہ ہوا جس میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔ دیالا کے ہی بعقوبہ میں دو اور بم دھماکے ہوئے جن میں ایک شخص ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔ بغداد کے جنوبی شہر حلہ میں تین کار بم دھماکوں میں تین افراد ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوگئے۔ شمالی بغداد کے مشادا میں ایک کار بم دھماکہ میں چار افراد ہلاک ہوئے۔واضح رہے کہ ملک میں انتہاپسندانہ حملوں میں گزشتہ سال تقریباً 8 ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔