احمدآباد، 7 مارچ (یو این آئی) گجرات کے انتخابی دورے پر آئے عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے آج کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیراعظم کے عہدہ کے امیدوار نریندر مودی کے ریاست کی ترقی کے دعوے بالکل جھوٹے ہیں۔مسٹر کیجریوال نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ “ہم نریندر مودی حکومت کی ترقی کے دعووں کی جانچ کے لئے یہاں آئے ہیں اور پچھلے دو دنوں کے دوران ہم نے جو کچھ بھی دیکھا ہے وہ حیران کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دماغ میں کئی طرح کے سوالا ہیں اور وہ مسٹر مودی سے بالخصوص 16 امور پر سوالات پوچھنا چاہتے ہیں۔مسٹر کیجریوال نے کہا کہ میں ان سے ملاقات کے لئے جارہا ہوں اور اگر و ہ وقت دیتے ہیں تو ہم ان سے آج ہی ملاقات کریں گے۔ اگر وہ آج مصروف ہیں اور وقت نہیں دیتے تو ہم ان سے کبھی اور ملاقات کریں گے۔
آپ کے رہنما نے یہاں بوپل علاقہ میں نامہ نگاروں سے کہا کہ سچائی مودی کے دعوے سے یکسر مختلف ہے۔ یہ کہا جارہا ہے کہ گجرات میں رام راج ہے، بدعنوانی نہیں ہے، کسان خوشحال ہیں اور گجرات میں ہمہ جہت ترقی ہورہی ہے۔ لیکن حقیقت میں ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کی حالت اچھی نہیں ہے۔ دیہی اور دیگر علاقوں میں مناسب طبی سہولیات دستیاب نہیں ہیں ۔ آپ کے رہنما نے کہا کہ انہوں نے چند دنوں قبل مسٹر مودی کو خط لکھا تھا لیکن انہوں نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ گجرات حکومت نے صنعت کار مکیش امبانی کو فائدہ پہنچانے کے لئے کے جی بیسن سے ملنے والی گیس کی قیمت بڑھا کر 16 ڈالر فی یونٹ کردیا ہے۔سوال یہ ہی کہ اگر مسٹر مودی وزیراعظم بن گئے تو کیا وہ مرکزی سطح پر بھی گیس کی قیمت میں اضافہ کریں گے۔
مسٹر کیجریوال نیکہا کہ حکومت گجرات کوئی ٹنڈر طلب کئے بغیر شمسی توانائی خرید رہی ہے۔ ریاستی حکومت کا زرعی ترقی کی شرح گیارہ فیصد رہنے کا دعوی بھی پوری طرح جھوٹا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کے برعکس گزشتہ چند برسوں کے دوران زرعی پیداوار میں کمی آئی ہے ایسے میں مسٹر مودی زرعی شعبہ میں گیارہ فیصد کی ترقی کا دعوی کس طرح کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسٹرمودی دعوی کرتے ہیں کہ ریاست میں بدعنوانی نہیں ہے۔ لیکن حال ہی میں تلاتی امتحان میں یہ انکشاف ہوا کہ کئی امیدواروں نے نوکری حاصل کرنے کے لئے دس لاکھ روپے تک رشوت دیئے ۔ ریاست کے ایک وزیر کو غیر قانونی کانکنی کے معاملے میں سزا ہوچکی ہے۔ایک دیگر وزیر ماہی پروری گھپلہ میں ملوث بتائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “آپ” کو گجرات کی چھ کروڑ ابادی میں ایک ایماندارآدمی نہیں مل پارہا ہے۔