بالی وڈ ستارے جب بھی اپنے گھروں سے باہر نکلتے ہیں یا اپنی فلموں کی شوٹنگ یا تشہیر، ایوارڈز کی تقریبات، شادیوں یا پارٹیوں میں جاتے ہیں تو وہ کبھی تنہا نہیں دکھائی دیتے ہیں۔
ان کے ساتھ اکثر ان کے مستعد باڈی گارڈ یا محافظ ہوتے ہیں۔ ستاروں کی فین فالوونگ یا ان کی شہرت کی وجہ سے ان کو دیکھ کر لوگوں کا ہجوم جمع ہونے کے خدشے کی وجہ سے انھیں سکیورٹی کا بندوبست کرنا پڑتا ہے۔
اکثر ان فلمی ستاروں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے اکھٹا ہونے والا مجمع بے قابو ہو جاتا ہے۔
اکثر اوقات یہ دیکھا جاتا ہے کہ جیسے ہی یہ ستارے عوامی مقامات پر پہنچتے ہیں تو لوگوں کا ہجوم ان پر ٹوٹ پڑتا ہے اور فنکاروں کو محفوظ رکھنے اور اسی ہجوم سے ان کی حفاظت کرنا ان محافظوں یا باڈی گارڈز کا کام ہوتا ہے جو ان کے ساتھ ہوتے ہیں۔
اس کام کے لیے اکثر مرد باڈی گارڈز ہی ہوتے ہیں لیکن گذشتہ کچھ عرصے سے خواتین کو بھی اس شعبے میں کام ملنا شروع ہو گیا ہے اور اب فلمی ستاروں کے پیچھے صرف مرد باڈی گارڈ ہی نظر نہیں آتے ہیں۔
بالی وڈ میں اب دھیرے دھیرے خواتین باڈی گارڈز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن کورونا کی وبا اور اس کے نتیجے میں نافذ کیے جانے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان خواتین باڈی گارڈز کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
واضح رہے کہ کورونا کی وبا کے شروع ہونے کے بعد اپریل کے مہینے سے بالی وڈ کی بیشتر فلموں کی عکس بندی منسوخ کر دی گئی تھی اور مشکل سے ہی سنیما گھروں میں کوئی فلم ریلیز ہوئی ہے۔ لیکن اب گذشتہ دو ماہ قبل جب سے حکومت نے سنیما گھروں کو کھولنے کا اعلان کیا ہے اور فلموں کے سیٹس پر رونق دھیرے دھیرے بحال ہو رہی ہے۔
ماضی کے مقابلے میں کم کام مل رہا ہے
فلموں کی عکس بندی دوبارہ بھلے ہی شروع ہو چکی ہے لیکن اشتہاری تقریبات کا اہتمام ابھی بھی نہیں ہو رہا ہے۔ لیکن آؤٹ ڈور شوٹنگ اور اشتہارات کی عکس بندی کے دوران سیٹس پر ستاروں کو تحفظ فراہم کرنے والے باڈی گارڈز اور باؤنسرز کو پہلے کے مقابلے کم لیکن دوبارہ کام ملنا شروع ہوا ہے۔
لیکن فلم انڈسٹری سے وابستہ خواتین باڈی گارڈز کو ابھی بھی کام کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔
42 سالہ فہمیدہ انصاری بالی وڈ کی ایک معروف خاتون باڈی گارڈ ہیں۔
بی بی سی ہندی کے ساتھ بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا ‘مرد باڈی گارڈز کو کام مل رہا ہے لیکن خواتین باڈی گارڈز کے لیے کوئی کام نہیں ہے جس کی وجہ سے ہمارا گزرا بھی مشکل سے ہو رہا ہے اور اگر یہی حال رہا ہے تو ہماری زندگی مزید مشکل ہو جائے گی۔’
‘ 17 سال سے سنگل مدر ہ وں’
فہمیدہ انصاری کا کہنا ہے کہ وہ 17 برسوں سے اکیلے اپنی بیٹی کی پرورش کر رہی ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ ‘میرے سابقہ شوہر نے کبھی پلٹ کر میری بیٹی کا حال نہیں پوچھا۔ اس کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ میں کبھی دوبارہ شادی نہیں کروں گی اور اکیلے ہی اپنی بیٹی کی پرورش کروں گی۔ میرے ایک دوست نے مجھ سے پوچھا کہ کیا آپ خاتون باڈی گارڈ کا کام کرنا چاہو گی؟ میں نے کہا ہاں، اور فلموں کے سیٹ پر کام کرنا شروع کر دیا اور فلمی ستاروں کی باڈی گارڈ بن گئی۔’
فہمیدہ نے بالی وڈ کی فلمیں جیسا کہ ‘زیرو’، ‘سپر 30’، ‘مردانی’، اور ‘کلنک’ کے سیٹس پر فلمی ستاروں کو تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ ستاروں کے جنم دن کی پارٹیوں اور سونم کپور کی شادی کے دوران انھیں 24 گھنٹے سکیورٹی فراہم کرنے کی ذمہ داری نبھا چکی ہیں۔