ایک امریکی کمپنی نے ’’راون ایکس‘‘ کے نام سے دنیا کا سب سے بڑا غیر انسان بردار طیارہ (ڈرون) تیار کرلیا ہے جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ یہ بہت کم وقت میں اور بہت کم خرچ پر مصنوعی سیارچوں کو خلا تک پہنچا سکے گا۔
’ایوم‘ نامی کمپنی کا تیار کردہ یہ ڈرون 80 فٹ لمبا اور 18 فٹ چوڑا ہے جبکہ اس کے بازوؤں کا پھیلاؤ 60 فٹ ہے۔اتنی بڑی جسامت کے باوجود اسے ٹیک آف اور لینڈنگ کےلیے صرف ایک میل لمبے رن وے کی ضرورت ہوگی ۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ مکمل طور پر خودکار انداز سے اُڑان بھرسکے گا اور اسی طرح واپس زمین پر بھی اتر سکے گا تاہم اب تک بنائے گئے تمام ڈرونز کی بنیاد پر یہ کہنا زیادہ مناسب ہے کہ اگرچہ اس میں کوئی پائلٹ سوار تو نہیں ہوگا لیکن کوئی نہ کوئی پائلٹ ’’دور بیٹھ کر‘‘ اسے کنٹرول ضرور کررہا ہوگا یعنی ہم اسے نیم خودکار تو کہہ سکتے ہیں لیکن یہ مکمل خودکار نہیں ہوگا۔
راون ایکس ڈرونز بہت سخت جان ہیں اور کسی بھی موسم میں پرواز کرسکتے ہیں۔ فی الحال ایک پرواز کے بعد زمین پر اترنے والے ’’بقیہ‘‘ ڈرون کا 70 فیصد حصہ دوبارہ استعمال ہوتا ہے۔
ایوم کمپنی کا ہدف ہے کہ ایسے ڈرونز جلد از جلد تیار کرلیے جائیں جو ایک پرواز کے بعد اگلی پرواز کےلیے 100 فیصد تک دوبارہ قابلِ استعمال ہوں۔